اب ڈرائیورز کے ساتھ مسافروں کا بھی چالان ہوگا، اہم خبر سامنے آگئی

اسلام آباد: موٹروے پولیس نے ایک نیا قانون متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب گاڑی میں بیٹھے تمام مسافروں کے لیے سیٹ بیلٹ باندھنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سفر کو محفوظ بنانا اور حادثات کے دوران جانی نقصان میں کمی لانا ہے۔ نئے ضابطے کے تحت اب صرف ڈرائیور ہی نہیں بلکہ گاڑی میں بیٹھے تمام مسافروں کو بھی اپنی سیٹ پر بیٹھتے ہی سیٹ بیلٹ لگانی ہوگی۔

ترجمان موٹروے پولیس نے وضاحت کی کہ زیادہ تر حادثات میں مسافروں کی ہلاکت یا شدید زخمی ہونے کی ایک بڑی وجہ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔ اس لیے اب اس قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والے مسافروں کو بھی جرمانہ کیا جائے گا۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، سفر کے دوران سیٹ بیلٹ کا استعمال اپنی عادت بنائیں اور اپنی و دوسروں کی جان کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

اس سے قبل قومی شاہراہ و موٹروے پولیس (NHMP) نے عوامی ٹرانسپورٹ میں بھی تمام مسافروں کے لیے سیٹ بیلٹ پہننا لازمی قرار دیا تھا۔ اب تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر نشست پر سیٹ بیلٹ فراہم کریں، بصورتِ دیگر ان گاڑیوں کو موٹروے پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

موٹروے پولیس کے مطابق یہ اقدام بین الاقوامی معیار کے مطابق روڈ سیفٹی کو فروغ دینے اور حادثات میں ممکنہ نقصان کو کم کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

Leave a Comment