وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اہم بیان — بانی پی ٹی آئی سے ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اہم بیان — بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر پارلیمنٹ میں قرارداد جمع کرانے کا فیصلہ

پشاور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے تھے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے قرارداد جمع کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ جس دن سے وہ وزیراعلیٰ بنے ہیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی، مگر تاحال ملاقات ممکن نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتِ حال پر اب پارلیمنٹ میں قرارداد جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ پارلیمنٹ ہی سب سے بالادست ادارہ ہے اور اسی فورم سے اپنی آواز اٹھانا زیادہ مؤثر سمجھا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی وہ بھرپور مخالفت کریں گے، کیونکہ یہ صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ سہیل آفریدی نے بتایا کہ انہوں نے ملاقات کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا تھا، مگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی خودمختاری پر کسی بھی قسم کی قدغن قبول نہیں کی جائے گی اور خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔

Leave a Comment