وفاقی حکومت کا 24 سرکاری ادارے نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ — پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل ہوگی

وفاقی حکومت کا 24 سرکاری ادارے نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ — پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل ہوگی


کراچی (این این آئی / بزنس ڈیسک):
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کر لیا ہے، جن میں سب سے نمایاں پی آئی اے ہے، جس کی نجکاری رواں سال کے اختتام سے پہلے مکمل کر لی جائے گی۔

فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت درست سمت میں گامزن ہے اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دے کر پیداواری بنیادوں پر مبنی ترقی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ “پائیدار ترقی کا واحد راستہ صنعتی و تکنیکی پیداوار ہے، صرف قرضوں یا وقتی ریلیف سے معیشت مضبوط نہیں ہوتی۔”

محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ عالمی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی اقتصادی بحالی کا اعتراف کیا ہے۔ ان کے مطابق کارپوریٹ منافع میں 9 فیصد اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کاروباری ماحول بہتر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اب آئی ٹی، میری ٹائم، اور ڈیجیٹل معیشت پر فوکس کرے گی، تاکہ پاکستان کو ایک ایکسپورٹ ہب میں تبدیل کیا جا سکے۔
مزید برآں، گوگل نے پاکستان میں ایکسپورٹ حب بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جو مستقبل میں روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ:

“ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے شفافیت آئے گی، ٹیکس نیٹ بڑھانے سے قومی آمدنی میں اضافہ ہوگا، اور اس وقت تک 9 لاکھ نئے فائلرز شامل ہو چکے ہیں۔”

انہوں نے بتایا کہ مصر نے بھی پاکستان کے ایف بی آر اصلاحاتی ماڈل سے سیکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے، جو حکومت کی پالیسیوں پر عالمی اعتماد کا ثبوت ہے۔

ان کے مطابق، حکومت بلیو اکانومی کے فروغ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ترقی کے لیے ایک مضبوط ایکو سسٹم تشکیل دینے پر کام کر رہی ہے، تاکہ پائیدار معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔

Leave a Comment