عمران خان کا دو ٹوک اعلان: “آزادی یا موت، کوئی تیسرا راستہ نہیں”

عمران خان کا دو ٹوک اعلان: “آزادی یا موت، کوئی تیسرا راستہ نہیں”


راولپنڈی (اے بی این نیوز):
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے جیل سے ایک بار پھر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ “آزادی یا موت کے سوا کوئی اور آپشن قبول نہیں”۔

جیل میں ملاقات کے بعد ڈاکٹر عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان نے فارم 47 یا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کے امکان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کبھی بات چیت ہوئی تو وہ صرف اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے ذریعے ممکن ہوگی۔

ڈاکٹر عظمیٰ خان کے مطابق، عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کے ذریعے بنی ہے، لہٰذا اس سے کسی بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خود وزیراعظم نے تسلیم کیا ہے کہ انہیں فیصلوں کے لیے اجازت لینا پڑتی ہے، جس سے صاف ظاہر ہے کہ اصل اختیار کہیں اور موجود ہے۔

عمران خان نے کہا کہ وہ تین سال سے سختیاں برداشت کر رہے ہیں، مگر جتنا ظلم اس دور میں ہوا، اتنا ماضی میں کبھی نہیں دیکھا گیا۔ ان کے مطابق، پی ٹی آئی کے وفادار رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور بشریٰ بی بی کی قید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین پر ایسے مظالم پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ انہیں سلمان اکرم راجا پر مکمل اعتماد ہے اور پارٹی کو پیغام دینے کا اختیار صرف انہیں حاصل ہوگا۔

Leave a Comment