پنجاب حکومت کا مارکیٹوں کے طے شدہ اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ
لاہور (نیوز ڈیسک):
پنجاب حکومت نے صوبے میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مارکیٹوں کے طے شدہ اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ستمبر 2023 کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر مکمل عمل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، مارکیٹیں پیر سے ہفتہ تک رات 10 بجے تک بند کی جائیں گی، جبکہ اتوار کے روز کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک ہوگی۔
مزید برآں، ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ان کے اوقات بڑھا کر رات 12 بجے تک کر دیے گئے ہیں۔
ہوم ڈیلیوری سروسز کو رات 2 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ میڈیکل اسٹورز، تندور، دودھ کی دکانیں، اسپتال، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور پنکچر شاپس کو ان اوقات سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ میں کمی کے لیے مزید سخت اقدامات کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ماہ کے لیے اتوار کو تمام کمرشل سرگرمیاں بند کر دی جائیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ “شہر میں ٹریفک ایک لمحے کے لیے بھی بند نہیں ہونی چاہیے، مگر آلودگی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔”
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق حکومت کے ان فیصلوں سے نہ صرف اسموگ میں کمی آئے گی بلکہ توانائی کے استعمال میں بھی خاطر خواہ بچت ممکن ہو سکے گی۔