قومی شناختی کارڈ میں بڑی تبدیلی کا امکان
لاہور: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے قومی شناختی کارڈ میں ایک نئی اور اہم تبدیلی متوقع ہے، جس کے تحت آئندہ شناختی کارڈ پر خون کا گروپ (Blood Group) بھی درج کیا جا سکتا ہے۔
یہ تجویز پنجاب اسمبلی میں رکن اسمبلی احمد اقبال چوہدری کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے بعد سامنے آئی، جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ قومی شناختی کارڈ میں بلڈ گروپ کا اندراج حادثات، ایمرجنسی اور قدرتی آفات کے موقع پر مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اکثر سنگین حادثات میں مریض کا بلڈ گروپ معلوم نہ ہونے کے باعث اسپتالوں کو مشکلات پیش آتی ہیں، جس سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجویز نادرا کی پالیسی میں شامل کر لی گئی تو یہ عوامی فلاح کے لیے ایک انتہائی مثبت قدم ثابت ہوگا، اور پاکستان جدید شناختی نظام میں مزید ترقی کی طرف بڑھے گا۔