جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا راکٹوں سے حملہ، مسافر محفوظ، بوگیوں کو نقصان
کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان میں ریلوے نظام ایک بار پھر دہشت گردی کی زد میں آ گیا۔ جمعرات کی شب ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نوتال کے قریب جعفر ایکسپریس پر نامعلوم دہشت گردوں نے راکٹوں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق، جعفر ایکسپریس کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ نوتال کے قریب ریلوے ٹریک سے گزر رہی تھی۔ دہشت گردوں نے ٹرین پر چار راکٹ داغے جن میں سے دو ٹرین کے قریب آ کر پھٹے، جبکہ دو نشانے سے چُوک گئے۔ اس دوران حملہ آوروں نے جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں بوگیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ڈبوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جس پر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد ازاں ٹرین کو حفاظتی طور پر ڈیرہ مراد جمالی اسٹیشن پر روک دیا گیا، جہاں مسافروں کو اطمینان دلایا گیا کہ وہ محفوظ ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق، واقعے کے فوراً بعد ٹریک اور بوگیوں کا معائنہ کیا گیا، اور نقصانات کی مرمت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو اگلی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جعفر ایکسپریس پر گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی کے کئی حملے ہو چکے ہیں۔ سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، ایسے واقعات کا مقصد بلوچستان میں ریلوے سروس کو نقصان پہنچانا اور عام شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔
وفاقی اور صوبائی سطح پر سیکیورٹی اداروں نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ نوتال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔
