: یو اے ای نے 2026 کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑا بجٹ منظور کرلیا
ابوظہبی (این این آئی): متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وفاقی کابینہ نے 2026 کے مالی سال کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قومی بجٹ منظور کرلیا، جس کا حجم گزشتہ سالوں کے تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے 400 ارب درہم سے تجاوز کر گیا ہے۔ اس بجٹ کو ترقی، روزگار اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ نیا بجٹ معاشی استحکام، تعلیم، صحت، ڈیجیٹل معیشت، قابلِ تجدید توانائی اور فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ “2026 کا بجٹ صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں، بلکہ مستقبل کے وژن 2031 کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ ہمارا ہدف ایک مضبوط، پائیدار اور ہائی ٹیک معیشت قائم کرنا ہے۔”
اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ بجٹ یو اے ای کے معاشی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سرکاری اخراجات میں 12 فیصد اضافہ اور فلاحی و سماجی منصوبوں کے لیے خاطر خواہ رقم مختص کی گئی ہے۔ خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو دوگنا کر دیا گیا ہے تاکہ یو اے ای خطے میں انسانی ترقی کے شعبے میں اپنی برتری برقرار رکھ سکے۔
نئے بجٹ میں ڈیجیٹل اکانومی، مصنوعی ذہانت (AI)، اور گرین انرجی کے منصوبوں کے لیے بھی اربوں درہم رکھے گئے ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ سرمایہ کاری ملک کو تیل پر انحصار سے آزاد کرتے ہوئے جدید اور پائیدار معیشت کی بنیاد مضبوط کرے گی۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی اداروں نے یو اے ای کے اس بجٹ کو “پالیسی استحکام اور وژنری قیادت” کی علامت قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بجٹ سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
یو اے ای نے 2026 کے بجٹ کے ساتھ ساتھ اگلے چار سالہ مالیاتی منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا مقصد ملک کو خطے کی سب سے مضبوط معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔
