تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

تحریک تحفظ آئین پاکستان کا 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

اسلام آباد (سیاسی رپورٹ):
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج سے تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے، اور رات ساڑھے 8 بجے سے نعرے لگائے جائیں گے۔ ان کے مطابق آج کا نعرہ ہوگا: “ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے”۔

محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ “چھٹی کے دن آئین پر حملہ کیا گیا ہے، یہ پاکستان کی بنیادوں پر حملہ ہے، اور ہم اس کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔”

دوسری جانب شہباز شریف نے بھی 27ویں ترمیم کے تحت وزیراعظم کو استثنیٰ دینے والی شق کو واپس لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ یہ ترمیم مخصوص شخصیات کے مفاد میں کی گئی ہے، جبکہ آئین کا شخصیات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق اشرافیہ آئین کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

اس موقع پر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو کمزور کیا جا رہا ہے، اور ملک کو تباہی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم اس ترمیم کا راستہ روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔”

سیاسی ماہرین کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی یہ تحریک آنے والے دنوں میں سیاسی منظرنامے پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔

Leave a Comment