تین سال بعد انصاف کی جیت — سگے والد کے ہاتھوں بیٹے کے قتل کا راز فاش
منڈی بہاؤالدین (اسٹاف رپورٹر) — منڈی بہاؤالدین کے تھانہ بھاگٹ کی حدود میں تین سال پرانا اندوہناک واقعہ بالآخر حل ہو گیا۔ نو سالہ بچے عبداللہ کے قتل کا معمہ اس وقت حل ہوا جب پولیس نے مقتول کے سگے والد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تین سال قبل معصوم عبداللہ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مگر انصاف کا حصول ایک طویل اور تکلیف دہ سفر بن گیا۔ خاتون نے مسلسل عدالتوں اور پولیس کے دروازے کھٹکھٹائے مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔
بالآخر مقتول کی والدہ نے ڈی پی او وسیم ریاض خان سے فریاد کی، جنہوں نے معاملے کی ازسرِنو تحقیقات کا حکم دیا۔ پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی تکنیک استعمال کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کیے اور رات تین بجے کارروائی کر کے ملزم والد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، تاہم مزید وجوہات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او وسیم ریاض خان نے کہا کہ ماؤں کی فریاد کبھی رائیگاں نہیں جاتی، انصاف ہر صورت میں دلایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تین سال بعد سہی مگر معصوم عبداللہ کے خون کو انصاف مل گیا۔
یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ظلم کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو، سچ ایک دن سامنے آ ہی جاتا ہے۔