کراچی: بلاول ہاؤس کے قریب سیف سٹی پروجیکٹ کا ڈسٹری بیوشن باکس چوری، لاکھوں کا نقصان
کراچی میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت نصب کیمروں سے منسلک ڈسٹری بیوشن باکس (ڈی بی باکس) نامعلوم افراد چرا کر لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے کے متعدد سکیورٹی کیمرے بند ہو گئے۔
ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چوری ہونے والے ڈسٹری بیوشن باکس میں لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان نصب تھا، جس کی وجہ سے پورا کیمرا نیٹ ورک متاثر ہوا۔ حکام نے نقصان سے بچاؤ کے لیے کیمروں کو کھمبوں سے اتار کر محفوظ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حیران کن طور پر باکس چوری ہونے کے دوران الارم سسٹم فعال نہیں ہوا، جس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ آصف اعجاز شیخ کے مطابق اس سے قبل سیف سٹی پروجیکٹ کے آلات کے تحفظ کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اور اس حوالے سے زونل ڈی آئی جیز کے ساتھ باقاعدہ میٹنگ بھی ہوئی تھی۔
ڈی جی سیف سٹی نے واقعے کو “تشویشناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی نظام کے اہم حصے کی چوری نہ صرف مالی نقصان ہے بلکہ شہری سلامتی کے لیے بھی خطرناک اشارہ ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں دلچسپ خبریں