اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا خودکش حملے پر تین روزہ سوگ کا اعلان

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا خودکش حملے پر تین روزہ سوگ کا اعلان — عدالتوں میں سکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے ضلع کچہری کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش ہے، اور یہ واقعہ ملک کے امن و استحکام پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔

اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں 12 سے 14 نومبر تک سوگ منایا جائے گا۔
بار ایسوسی ایشن نے شہداء کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد بار کونسل اور ماتحت بار ایسوسی ایشنز کا ہنگامی اجلاس بلایا جا رہا ہے تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل اور وکلاء برادری کی سکیورٹی سے متعلق اقدامات پر مشاورت کی جا سکے۔

اعلامیہ کے مطابق، بار کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل محرکات اور ذمہ دار عناصر سامنے آئیں۔
مزید کہا گیا کہ اسلام آباد کی تمام عدالتوں میں سکیورٹی سخت کی جائے اور داخلی راستوں پر جدید سیکیورٹی اسکینرز نصب کیے جائیں۔

دوسری جانب، لاہور بار ایسوسی ایشن نے بھی دہشتگردی کے اس واقعے پر سوگ اور مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر فوری قابو پایا جائے۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ وکلاء برادری کے اتحاد اور مؤقف نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف قوم متحد ہے، اور ایسے حملے عدلیہ اور عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔

harisstories.com مزید پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

Leave a Comment