دبئی میں دنیا کی مہنگی ترین کافی پیش — ایک کپ کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد

دبئی میں دنیا کی مہنگی ترین کافی پیش — ایک کپ کی قیمت 2 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد

دبئی (ویب ڈیسک) — دبئی کے ایک کیفے نے دنیا کی مہنگی ترین کافی پیش کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس نایاب کافی کا ایک کپ 3600 یو اے ای درہم، یعنی تقریباً 2 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد میں دستیاب ہے۔

یہ بیش قیمت کافی Geisha بیجوں کی نیڈو 7 ورائٹی سے تیار کی جاتی ہے، جو پاناما کے آتش فشانی ڈھلوانوں میں کاشت کی جاتی ہے۔ اس کی پیداوار انتہائی محدود ہوتی ہے — ہر فصل سے صرف چند کلو گرام بیج حاصل کیے جاتے ہیں — جس کے باعث یہ دنیا کی سب سے نایاب اور مہنگی کافی شمار کی جاتی ہے۔

یہ منفرد کافی جولیتھ کیفے میں پیش کی گئی ہے، جہاں انتظامیہ کے مطابق صرف 400 کپ عوام کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کیفے نے 2025 کے آغاز میں 20 کلو گرام خام کافی 22 لاکھ درہم میں خریدی تھی، جس کے لیے 549 بولیاں لگائی گئی تھیں۔

کیفے کے نمائندے سرکان ساگسوز (Serkan Sagsoz) کے مطابق ایک کپ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کے لیے مختص ہے، جبکہ صرف چند خوش نصیب افراد ہی اس نایاب کافی کا ذائقہ چکھ سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی مارکیٹنگ چال نہیں بلکہ حقیقت میں ایک غیر معمولی کافی ہے، جس میں چینبلی، مالٹے اور دیگر پھلوں کے سفوف شامل کر کے ایک منفرد ذائقہ پیدا کیا جاتا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی دنیا کی سب سے مہنگی کافی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ دبئی کے نام تھا، جس کا ایک کپ 2500 درہم میں فروخت ہوتا تھا، تاہم جولیتھ کیفے کی یہ نئی پیشکش اس ریکارڈ کو مزید پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

Leave a Comment