نئی دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب کار دھماکا، 8 افراد ہلاک اور 24 زخمی

عنوان: نئی دہلی کے لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب کار دھماکا، 8 افراد ہلاک اور 24 زخمی

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک): بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیر کی شام ہونے والے کار دھماکے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ہیں، جب کہ تین سے چار گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا شام کے وقت میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر 1 کے قریب کھڑی ایک کار میں ہوا۔ دھماکے کے بعد زور دار آواز کے ساتھ شعلے بلند ہوئے جس کے نتیجے میں آس پاس کھڑی کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں شدید بھگدڑ مچ گئی۔ موقع پر پولیس، فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں، جبکہ سات فائر ٹینڈر گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، تاہم حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکے کی ابتدائی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے ہیں۔

دوسری جانب دہلی اور ممبئی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی ادارے کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے پہلو کو نظرانداز نہ کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد پورا علاقہ دھوئیں کے بادلوں سے بھر گیا اور لوگ خوف کے باعث دوڑ پڑے۔ ایک گواہ نے بتایا کہ “دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔”

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

Leave a Comment