مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

مرغی کا گوشت عوام کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

لاہور — ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے بعد یہ عام شہری کی پہنچ سے تقریباً باہر ہو چکا ہے۔ پچھلے چند دنوں کے دوران فی کلو قیمت میں 80 سے 100 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے متوسط اور غریب طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق، فی کلو مرغی کا گوشت اب 620 روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں اس کی قیمت 650 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولٹری فیڈ، ٹرانسپورٹ اور پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث قیمتوں میں یہ غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اس نئی لہر نے اُن کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ایک صارف نے شکایت کرتے ہوئے کہا، “پہلے مرغی غریب آدمی کے لیے واحد متبادل تھی، مگر اب یہ بھی مہنگائی کی زد میں آ گئی ہے۔”

پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ فیڈ کی درآمدی لاگت، ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور بجلی کے بڑھتے بل اس بحران کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ان کے مطابق، اگر حکومت فوری اقدامات نہ کرے تو اگلے چند ہفتوں میں قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔

ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ حکومت کو پولٹری انڈسٹری کے لیے سبسڈی یا ریلیف پیکیج دینا چاہیے تاکہ عام آدمی کی دسترخوان سے پروٹین مکمل طور پر غائب نہ ہو جائے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف فوری کارروائی کرے، کیونکہ اکثر دکاندار مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتوں میں خود اضافہ کر دیتے ہیں

Leave a Comment